وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تبلیغی جماعت کے وفد کی ملاقات

20

‎اسلام آباد،  11 اکتوبر ( اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تبلیغی جماعت کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں آئندہ ماہ ہونے والے سالانہ تبلیغی اجتماع کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والے وفد میں انوار غنی، اقبال میاں، محمد عامر اور زاہد پراچہ شامل تھے۔

‎تبلیغی جماعت کے وفد نے وزیر داخلہ کو اجتماع کی تیاریوں اور انتظامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ اجتماع کے کامیاب انعقاد کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

‎وزیر داخلہ نے کہا کہ اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی وفود کو ویزا کے حصول میں مکمل سہولت دی جائے گی، اور گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ بین الاقوامی شرکا کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

‎محسن نقوی نے کہا کہ اسلام کی تبلیغ کے لیے سہولت اور آسانی فراہم کرنا نہ صرف ہمارا فرض ہے بلکہ ایک ثواب کا کام بھی ہے۔‘

‎تبلیغی جماعت کے وفد نے بتایا کہ گزشتہ سال 108 ممالک سے تقریباً 15 ہزار سے زائد بین الاقوامی شرکا اجتماع میں شریک ہوئے تھے۔ملاقات کے اختتام پر سیلاب متاثرین، ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔