لودھراں : سیوریج نظام کی بہتری کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

21

لودھراں 14 اکتوبر )اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی اقدام کے تحت لودھراں میں سیوریج نظام کی بہتری کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت ضلع بھر میں پرانی سیوریج لائنوں کی تبدیلی، نئے ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر، اور سڑکوں و گلیوں کی بحالی کے منصوبے شامل ہیں۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال میں منعقدہ بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کو چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر مختار نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی بھی موجود تھے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت لودھراں شہر میں دو لاکھ 70 ہزار فٹ سیوریج لائنیں تبدیل کی جائیں گی، جبکہ مسلم ٹاؤن اور پٹھان والا میں دو نئے ڈسپوزل سٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب بھی شامل ہے تاکہ نکاسی آب کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

عمر مختار نے بتایا کہ سیوریج لائنیں بچھانے کے ساتھ ساتھ گلیوں کی ٹف ٹائلنگ، سڑکوں کی کارپیٹنگ، ڈی سلٹنگ، سٹریٹ لائٹس اور مین ہولز کورنگ کا کام بھی کیا جائے گا۔ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے پی ڈی پی پروگرام کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے اور فنڈز ملتے ہی منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے کہا کہ پی ڈی پی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تحفہ ہے، جس سے لودھراں کے سب سے بڑے سیوریج مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور عوامی ردعمل کے ساتھ ساتھ جاری منصوبوں کی تصاویر اور تفصیلات بھی نمایاں طور پر شیئر کی جائیں۔