راولپنڈی، 15 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے بدھ کو راولپنڈی میں شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، تعزیت کی اور شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔وفاقی وزراء نے شہید کی والدہ، بچوں اور دیگر لواحقین سے ملاقات کے دوران گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آپ جیسی باہمت ماں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا حوصلہ اور بڑھا ہے۔ شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن عزیز کے تحفظ کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک دشمن عناصر اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ شہداء قوم کا فخر اور سرمایۂ افتخار ہیں۔ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کی والدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو شہادت کی عظیم سعادت نصیب ہوئی، جس پر انہیں فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دونوں پوتے بھی وطن کی حفاظت کے لیے پاک فوج میں شامل ہوں گے۔
وفاقی وزراء نے شہید کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید چند روز قبل اورکزئی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔











