وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کے تیسرے مرحلے کی پروقار افتتاحی تقریب، 130 مستحق بیٹیوں کی اجتماعی شادی

13

لاہور، 15 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تاریخی فلاحی منصوبے دھی رانی پروگرام کے تیسرے مرحلے کی پروقار افتتاحی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ اور صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ضلع لاہور سے تعلق رکھنے والی 130 مستحق بیٹیوں کی اجتماعی شادی ہوئی جن میں 18 اقلیتی برادری کے جوڑے اور ایک معذور جوڑا بھی شامل تھا۔ تقریب میں دلہنوں اور دلہوں کے اہل خانہ کے علاوہ 20 سے زائد عزیز و اقارب بھی شریک ہوئے، جبکہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے سیکرٹری جاوید اختر محمود بھی موجود تھے۔

حکومتِ پنجاب کی جانب سے دھی رانی پروگرام کے تحت ہر جوڑے کو دو لاکھ روپے کی سلامی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دی گئی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا تاریخ ساز اقدام ہے جس سے ہزاروں مستحق بیٹیوں کے خواب پورے ہوئے،  اس منصوبے کو اندرون و بیرونِ ملک سراہا گیا ہے۔ باتیں کرنا آسان مگر خدمت کرنا مشکل ہوتا ہے  اور مریم نواز نے یہ کر دکھایا۔

 صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ ایک بیٹی نے وزیراعلیٰ بن کر بیٹیوں کی طرح سوچا ہے۔ یہ پروگرام پنجاب کی خواتین کے لیے باعزت زندگی کا ذریعہ ہے اور کہا کہ جو بھی خواتین کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کرتا ہے، اسے سزا ملتی ہے، آج پنجاب میں خواتین کی عزتیں محفوظ ہیں۔

تقریب خوشیوں اور جذبات سے لبریز ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں شریک خاندانوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔