واشنگٹن ڈی سی، 16 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں پاکستان بینک فنڈ اسٹاف ایسوسی ایشن کے اراکین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے شرکاء کو پاکستان میں مالیاتی، مانیٹری اور بیرونی شعبوں میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی کریڈٹ ریٹنگ ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے اپنی گفتگو میں مالیاتی نظم و ضبط، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری کے عمل، سماجی تحفظ کے اقدامات اور سبز و جامع ترقی کے عزم پر کاربند رہنے کے عہد کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے اس سفر کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











