اسلام آباد ،17اکتوبر (اے پی پی ) : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے جمیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شاہ اویس نورانی کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور قومی اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی بے گناہ کے خلاف ہرگز کوئی کارروائی نہیں جائے گی۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بے گناہ کو رہا کیا جائے گا۔ کسی بھی مدرسے کو بند نہیں کیا جائے گا۔ اور شرپسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کک قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی قطعا اجازت نہیں دی جا سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے پاکستان میںشرپسند عناصر اور انتہاء پسندوں کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بدامنی، انتشار اور انتہاپسندی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور صبر وتحمل کے فروغ میں علمائے کرام کی قابل قدر خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن اور رواداری کے فروغ کے لئے تمام طبقات کو بھر پور کردار ادا کرنا ہے،دینی تعلیم کا فروغ ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔
علامہ شاہ اویس نورانی کا کہنا تھا کہ ملک میں پائیدار امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔











