وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے کابینہ میں شامل نئے وزراء کی ملاقات

34

لاہور، 17 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے کابینہ میں شامل ہونے والے نئے صوبائی وزراء نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان اور صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل خواجہ منشاء اللہ بٹ شامل تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دونوں وزراء کی کابینہ میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، دیانت اور جذبہ خدمت کے ساتھ انجام دیں گے۔ صوبائی وزراء رانا محمد اقبال خان اور منشاء اللہ بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پارٹی امور، سیاسی معاملات، امن و امان کی صورتحال اور مزدوروں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال کے پرامن پنجاب کے وژن کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل کو ہدایت کی کہ فیکٹری ورکرز اور مزدوروں کی رجسٹریشن کے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے اور مقررہ کردہ اجرات کی ادائیگی میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق چند ماہ کی قلیل مدت میں صوبہ بھر میں امن و امان کی فضا میں نمایاں بہتری آئی ہے۔