لاہور، 17 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت بلا سود بائیکس فراہمی سکیم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا 22واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ، بینک آف پنجاب اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ عمران سکندر بلوچ نے سکیم کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہزاروں طلبہ کو بائیکس کی کامیاب ڈیلیوری کے بعد سکیم اپنے مقررہ ہدف کے قریب پہنچ چکی ہے۔ ویٹنگ لسٹ میں موجود طلبہ کو بھی مرحلہ وار بائیکس کے حصول کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ یتیم طلبہ و طالبات کو مکمل ویریفکیشن کے بعد فری بائیکس دی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے تمام بائیکس کی ڈیلیوری جلد مکمل کرنے اور اگلے فیز کی تیاری کے فوری آغاز کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے فیز ون کو کامیابی سے مکمل کیا جا چکا ہے، جو حکومت پنجاب کے فلاحی وژن کا مظہر ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ “سواری سے خودمختاری” بائیکس سکیم نے خاص طور پر طالبات کو پراعتماد اور خودمختار بنایا ہے۔ اگلے فیز میں مزید ہزاروں طلبہ کو بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ یونیورسٹیز میں ای بائیکس کے لیے چارجنگ ایریاز مختص کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ بلال اکبر خان نے کہا کہ 20 ہزار سے زائد اسٹوڈنٹس کو بائیکس کی فراہمی ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، جبکہ مزید بڑی تعداد اگلے مرحلے کے اعلان کی منتظر ہے۔











