خانیوال ،18 اکتوبر ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف خانیوال پہنچے جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، سابق صوبائی وزیر اور جنوبی پنجاب کی نمایاں سیاسی شخصیت حاجی عرفان احمد خان ڈاھا کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
وزیرِ اعظم نے مرحوم کے بیٹے اور رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاھا سے ملاقات کی، مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حاجی عرفان احمد خان ڈاھا نہ صرف مسلم لیگ ن کے سرگرم کارکن بلکہ ہمارے دیرینہ ساتھی بھی تھے۔ ان کی پارٹی کیلئے خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
انہوں نے مزید کہامرحوم نے جنوبی پنجاب میں پارٹی قیادت کو ہر مشکل وقت میں مضبوطی سے تھامے رکھا۔ ان کی سیاسی و سماجی خدمات اور عوامی خدمت کے مشن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مسلم لیگ ن ان کی عوام اور پارٹی کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔











