لاہور، 18 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) اور نواز شریف آئی ٹی سٹی پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نومبر میں ایمپریل کالج لندن کے مقامی کیمپس کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا، جبکہ کیمپس میں 300 بیڈز پر مشتمل جدید ترین ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دریائے راوی پر روڈا پرائمری بند کو ممکنہ سیلاب سے قبل مکمل کرنے کا ہدف دیا اور تمام فریقین کو ہدایت کی کہ فیوچر پراجیکٹس کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں سے متعلق سہ ماہی رپورٹ پیش کی جائے اور روڈا کا قابل عمل بزنس پلان بھی جلد جمع کرایا جائے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ روڈا فیز ون کی تکمیل کے لیے دو سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور روڈا بند بننے سے لاہور سیلاب سے محفوظ ہوجائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ انٹرٹینمنٹ سٹی میں چین اور ترکیہ کی کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ ڈی او ایف روبوٹک اور یو بینڈ پلئیر (Pleasure) کمپنی نے تھیم پارک کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انٹرٹینمنٹ سٹی میں 80 سیٹر فلائنگ تھیٹر بھی بنایا جائے گا۔ اسی طرح سیلیکون سٹی، یونیورسٹی بلاک، اے ایس ٹی آر اے بلاک اور فلم سٹی میں بھی مختلف اداروں نے سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیر 78 فیصد مکمل ہو چکی ہے، جبکہ راوی سٹی پاکستان کا پہلا مکمل گرین سٹی ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ منصوبے لاہور اور پنجاب کے معاشی مستقبل کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔











