لاہور، 18 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ریونیو کلیکشن سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں محصولات بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران پنجاب ریونیو اتھارٹی میں سپیشل یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں فیکٹوریل، ٹیکس کنسلٹنٹس، لیگل ایکسپرٹس اور ڈیٹا اینالسٹس شامل ہوں گے۔ مزید برآں، 130 انفورسمنٹ آفیسرز کی بھرتی کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اسے 30 اضلاع تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے توسیع کے عمل کو 30 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی اور اضلاع میں متعلقہ اضافی ذمہ داریاں اے ڈی سی جی کو تفویض کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ریونیو میں اضافے کے لیے 19 نئے سیکٹرز کو شامل کرنے پر غور کیا گیا، جب کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے پی آر اے سہولت ایپ متعارف کرائی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو پریشان نہ کیا جائے، بلکہ نئے سیکٹرز متعارف کرائے جائیں تاکہ ریونیو کے ذرائع میں وسعت ہو۔ انہوں نے ٹیکس کلیکشن کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈی جی پی آر اے معظم علی سپرا نے ٹیکس اہداف اور نئے سیکٹرز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔











