وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے چین میں پاکستانی سفیر اور لاہور و گوجرانوالہ چیمبرز کے صدور کی ملاقات

6

اسلام آباد،22 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان سے چین میں پاکستان کے سفیر نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔

ملاقات میں صنعتی شعبے کو درپیش مسائل، چینی سرمایہ کاروں کے چیلنجز، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ، اور صنعتی ترقی کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق حکومت صنعتی ترقی کی بحالی اور کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی انڈسٹریل پالیسی صنعتوں کو سہولت فراہم کرنے اور پیداواری شعبے کی طویل المدتی پائیداری کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔

چین میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار تمام سرکاری ادارے، پالیسی ساز اور سرمایہ کار معاشی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہیں۔

 ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن اور کاوشوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور اداروں کو معیشت کی بحالی کے مشترکہ ہدف کے لیے یکجا کر دیا ہے۔

صدر گوجرانوالہ چیمبر نے اس موقع پر بتایا کہ گوجرانوالہ چھ ہزار سے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کا مرکز ہے جو پاکستان کے صنعتی ڈھانچے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

ہارون اختر خان نے ایس ایم ایز کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایس ایم ایز کے فروغ اور خواتین کے معاشی کردار کے استحکام میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔ انہوں نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ گوجرانوالہ کی ایس ایم ایز کے لیے فعال کردار ادا کرے اور ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنائے۔

معاونِ خصوصی نے ملاقات کرنے والے وفد کو تمام صنعتوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور لاہور و گوجرانوالہ چیمبرز آف کامرس کے نومنتخب صدور کو ان کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔