لاہور، 22 اکتوبر (اے پی پی): لاہور کی تاریخی وزیر خان مسجد کے احاطہ میں نوجوان فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہنے کے لیے فن، خوبصورتی اور ثقافت کے امتزاج سے سجی ایک خوبصورت اوپن کال کیلیگرافی اور تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش کا انعقاد نالج اکیڈمی آف آرٹس اور والڈ سٹی اتھارٹی کے اشتراک سے کیا گیا جس میں لاہور کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ نمائش کا افتتاح سینئر صحافی و کالم نگار محمد عبداللہ نے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا مقصد نوجوان آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں اپنے فن کے اظہار کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ یہ نمائش نوجوانوں کے فن کو سامنے لانے کی ایک شاندار کوشش ہے۔ ہمیں ایسے اقدامات کو فروغ دینا چاہیے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آئے۔ نمائش میں 50 سے زائد نوجوان فنکاروں کے 150 سے زیادہ فن پارے رکھے گئے، جن میں روایتی اور تصویری خطاطی، آئل پینٹنگ، واٹر کلر، ڈرائنگ اور فوٹوگرافی کے شاہکار شامل تھے۔اہلِ ذوق نے نوجوان فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا اور ان کے کام کی تعریف کی۔ اوپن کال نمائش کے آرگنائزر طارق سعید نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ینگ آرٹسٹوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ملے۔ اس طرح کی سرگرمیاں ان کے اعتماد اور فن دونوں کو نکھارتی ہیں۔
نمائش دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد وزیر خان مسجد کے احاطے میں پہنچی۔شہریوں نے نوجوان فنکاروں کی محنت، مہارت اور فن کے معیار کو شاندار قرار دیا۔ نوجوان شرکاء کا کہنا تھا کہ نالج آف آرٹ اکیڈمی کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، جو نئے فنکاروں کو موقع دے کر آرٹ اور کلچر کی ترویج میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ نمائش کے اختتام پر تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔بعد ازاں نالج آف آرٹ اکیڈمی کی جانب سے مہمان خصوصی محمد عبداللہ کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔











