لاہور،23 اکتوبر (اے پی پی): پنجاب حکومت نے ملتان-وہاڑی روڈ کو صوبے کی پہلی ڈسٹ فری شاہراہ بنانے کا منفرد منصوبہ شروع کر دیا ہے۔
محکمہ تعمیرات و مواصلات کی جانب سے 93 کلومیٹر طویل شاہراہ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے بتایا کہ 82 کلومیٹر تک ارتھ ورک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ 78 کلومیٹر حصے پر سب بیس کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ منصوبہ 30 جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے دونوں اطراف ٹف ٹائلز لگائی جا رہی ہیں، جبکہ گرین بیلٹس اور پودے لگانے کے اقدامات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے مزید کہا کہ بریجز، بس اسٹاپس اور اطرافی علاقوں میں بھی پودے اور گرین بیلٹس بنائی جا رہی ہیں تاکہ ماحول کو خوشگوار اور فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان-وہاڑی شاہراہ پنجاب کا پہلا ڈسٹ فری منصوبہ ہے جو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا یہ ماحول دوست اقدام عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔











