اسلام آباد، 23 اکتوبر(اے پی پی ): قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل آل ثانی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون میں مسلسل وسعت آ رہی ہے، اور دونوں ممالک کا اشتراک خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ قطر نجی و سرکاری شعبوں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
یہ بات انہوں نے آج یہاں منعقدہ پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے چھٹے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کی مشترکہ صدارت انہوں نے وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کے ساتھ کی۔ شیخ فیصل آل ثانی نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں پاکستان کے ساتھ تجارت میں 150 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور پاکستان اب قطر کا دسواں بڑا تجارتی شراکت دار بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر جی سی سی – پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے جلد نفاذ کی حمایت کرتا ہے، جو باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کا مشترکہ وژن اقتصادی انضمام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔
شیخ فیصل آل ثانی نے اجلاس کے مؤثر انعقاد پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی وفد کو آئندہ اجلاس کے لیے قطر کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید پیش رفت کا سنگِ میل ثابت ہوگا۔











