ملتان، 24 اکتوبر (اے پی پی ): عالمی یومِ پولیو کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیرِ اہتمام ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کی۔ سیمینار میں محکمہ صحت کے افسران، پولیو ورکرز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اجتماعی قومی ذمہ داری ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیمیں مشکل حالات کے باوجود بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں، یہ ورکرز قوم کے اصل ہیرو ہیں جنہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔
ڈپٹی کمشنر نے بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز، ٹیموں اور رضاکاروں میں شیلڈز اور اسناد بھی تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مہم میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔











