لاہور، 24 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی قیادت میں عالمی پولیو ڈے کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
واک میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب عظمیٰ کاردار، سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر آصف، محکمہ صحت کے افسران اور پولیو ورکرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جنگ صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان ایسے دو ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس ابھی تک موجود ہے، لہٰذا ہمیں اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے ٹاؤن ہال لاہور میں منعقدہ انسداد پولیو سیمینار میں شرکت کی اور پولیو مہم میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ورکرز میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔ خواجہ عمران نذیر نے پولیو ورکرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارکن سخت موسم میں بھی گھروں کے دروازے کھٹکاتے ہیں تاکہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض اوقات والدین اپنی مصروفیات کے باعث بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں کوتاہی کر دیتے ہیں، جو ایک بڑی غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے بھی محکمہ صحت کا عملہ دن رات کام کر رہا ہے، لیکن گھروں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا عوام کی اپنی ذمہ داری ہے۔
خواجہ عمران نذیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے خاتمے اور صحت مند معاشرے کے قیام میں حکومت کا ساتھ دیں۔











