ملتان، 25 اکتوبر(اے پی پی ):) ملتان میں آل پاکستان انٹر بورڈز فٹبال چیمپئن شپ 2025 کا شاندار آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کے سپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جس کا افتتاح ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی) جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف نے کیا۔اس موقع پر سیکریٹری بورڈ خرم ایس اے قریشی، مختلف تعلیمی بورڈز کے نمائندگان، کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر فرید شریف نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور باہمی احترام کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے اور یہ ٹورنامنٹ یادگار رہے گا۔سیکریٹری بورڈ خرم ایس اے قریشی نے بتایا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان اس ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ ملک بھر کے 17 تعلیمی بورڈز کی ٹیمیں چیمپئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب کے 8، خیبرپختونخوا کے 8 اور سندھ کے ایک بورڈ کی ٹیم شامل ہے۔خرم قریشی نے مزید بتایا کہ تمام میچز ملتان بورڈ کے فٹبال گراؤنڈ میں پانچ روز تک جاری رہیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 28 اکتوبر بروز منگل کھیلا جائے گا۔افتتاحی میچ میں شریک ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شائقین کی جانب
سے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی گئی۔











