‎وزیرِ اعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب ، فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کانفرنس میں شرکت

12

‎
اسلام آباد،  27 اکتوبر ( اے پی پی): سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو  کی نویں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ریاض روانہ ہو گئے۔

‎ریاض میں منعقد ہونے والی اس عالمی کانفرنس میں دنیا بھر کے رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور مختلف شعبوں کے ممتاز شخصیات شریک ہوں گی۔

‎وزیرِ اعظم شہباز شریف اس موقع پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پائیدار ترقی، اقتصادی شمولیت، جدت اور بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست پر ہونے والی مختلف نشستوں میں شرکت کریں گے اور پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

‎دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوگا۔

‎علاوہ ازیں، وزیرِ اعظم عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، اقتصادی شراکت داری اور پائیدار ترقی کے فروغ پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔