تحصیل شجاع آباد میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پُروقار سیمینار اور ریلی

12

شجا ع آباد ، 27 اکتوبر (اے پی پی ): یومِ سیاہ  کشمیر کے موقع پر تحصیل شجاع آباد میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پُروقار سیمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے کی، جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اساتذہ، انجمن تاجران ،سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ بعد ازاں شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھا کر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر سیدہ حمیرا شاہ نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کا دن کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی افواج نے غیر قانونی طور پر کشمیر پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر فورم پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتی رہے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ کشمیر کاز کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں اور عالمی برادری تک کشمیریوں کی آواز پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سیمینار کے اختتام پر یومِ سیاہ ریلی نکالی گئی جو میونسپل کمیٹی آفس سے شروع ہو کر دفتر اسسٹنٹ کمشنر آفس اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان اور ہم ہیں کشمیریوں کے ساتھی کے نعرے لگائے۔

تقریب کے آخر میں اسسٹنٹ کمشنر سیدہ حمیرا شاہ نے شہدائے کشمیر کے لیے دعا کروائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستانی قوم اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔