کوئٹہ، 27 اکتوبر (اے پی پی) : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پیر کو صوبے میں آبی وسائل اور زرعی ترقی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نولنگ ڈیم منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے منصوبے پر کام کی رفتار اور تکنیکی پہلوں سے متعلق بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نولنگ ڈیم منصوبے پر دو ارب پندرہ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، جو ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے 54 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی جبکہ 4.8 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی، جو صوبے کے زرعی اور توانائی کے شعبوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوگی۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں آبی وسائل کا موثر استعمال اور ان کے ذخیرے کے لیے جدید حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ نولنگ ڈیم جیسے منصوبے نہ صرف صوبے کے کسانوں کی خوشحالی کا ذریعہ بنیں گے بلکہ معاشی استحکام اور ماحولیاتی توازن کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا فوکس قابلِ استعمال پانی میں اضافہ اور زرعی پیداوار کی صلاحیت بڑھانا ہے۔ آبی منصوبے صوبے کے زرعی مستقبل کے ضامن ہیں اور ان کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نولنگ ڈیم پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو اور عوام کو اس کے ثمرات میسر آئیں۔











