راولپنڈی، 28 اکتوبر (اے پی پی ): چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے سرکاری دورہ بنگلہ دیش کے دوران بنگلہ دیش آرمی کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل وقار الزمان سے ڈھاکہ میں آرمی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے مثبت انداز کو سراہا اور عسکری قیادت کے مختلف سطحوں پر باقاعدہ تبادلوں کے دوروں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں معززین نے ابھرتے ہوئے عالمی اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ بات چیت میں تربیت، مشترکہ مشقوں اور انسداد دہشت گردی میں تجربات کے اشتراک سمیت مختلف امور شامل تھے۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے متعدد پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور انتشار انگیز معلوماتی مہمات سے پیدا ہونے والے نئے چیلنجز کو مشترکہ تشویش قرار دیتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ ان خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کو مزید فروغ دینا ناگزیر ہے۔











