ملتان ،29 اکتوبر (اے پی پی ): عرس حضرت شاہ رکن عالمؒ کے موقع پر ریسکیو 1122 کا دوسرے روز بھی خصوصی ایمرجنسی کور جاری رہا۔ دربار حضرت شاہ رکن عالمؒ پر زائرین کی سہولت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی خصوصی نفری تعینات رہی۔
ایونٹ کور کے لیے 2 ایمبولینسز، 8 موٹر بائیک ایمبولینسز اور 1 فائر وہیکل ڈیوٹی پر مامور کی گئی جبکہ زائرین اور عزاداروں کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے 4 ریسکیو پوسٹس قائم کی گئیں۔
ریسکیو اہلکار دربار پر آنے والے زائرین کو موقع پر ہی فوری طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ ریسکیو کنٹرول روم اور تمام اسٹیشنز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں مکمل طور پر فعال ہیں۔
تمام آپریشنز کی براہِ راست نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کر رہے ہیں جنہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار عرس کے دوران زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔











