وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق ورکرز ویلفیئر سکولوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر لیبر منشاء اللہ بٹ

10

لاہور، 31 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیرِ لیبر منشاء اللہ بٹ نے ڈیفنس روڈ پر واقع ورکرز ویلفیئر ہائر سیکنڈری سکول (بوائز و گرلز) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لیبر نعیم غوث، سیکرٹری ویلفیئر فنڈ ڈاکٹر مجتبیٰ عرفات اور ڈائریکٹر سکول محمد اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ڈاکٹر مجتبیٰ عرفات نے صوبائی وزیر کو سکولوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور معیارِ تعلیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ منشاء اللہ بٹ نے کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے تعلیمی معیار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش فیکٹریوں اور کارخانوں میں دن رات کام کرتے ہیں جبکہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز ان کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے میں بھرپور محنت کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ورکرز ویلفیئر سکولوں کی سولرائزیشن جاری ہے جبکہ ماڈل سکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز کے قیام کے ساتھ ساتھ اے لیول اور او لیول کی تعلیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے کیے جانے والے یہ اقدامات مریم نواز کے ویژن کی حقیقی عکاسی کرتے ہیں۔ منشاء اللہ بٹ نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر سکولوں کا معیار تعلیم پرائیویٹ اداروں سے بہتر ہے اور اب تک ہزاروں طلبہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تعاون سے ڈاکٹر، انجینئر اور دیگر پیشہ ور بن کر ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ آخر میں صوبائی وزیر نے سیکرٹری لیبر نعیم غوث، ڈاکٹر مجتبیٰ عرفات اور پرنسپلز کی کارکردگی کو سراہا۔