اسلام آباد، یکم نومبر (اے پی پی(:وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاکستان میری ٹائم ویک 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لیے 5 نکاتی حکمتِ عملی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تین نئی بندرگاہیں قائم کرے گی تاکہ پاکستان کو عالمی بلیو اکانومی کا ایک اہم کھلاڑی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین سالوں میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے جہازوں کی تعداد 60 تک بڑھائی جائے گی جبکہ جدید انٹیگریٹڈ میری ٹائم کمپلیکس بھی قائم کیا جائے گا۔
جنید انوار چوہدری نے مزید بتایا کہ جہاز سازی، ری سائیکلنگ اور گرین ٹیکنالوجی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور 12 ارب روپے کے گڈانی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہی برادری کے بچوں کے لیے تعلیمی فنڈ قائم کیا گیا ہے تاکہ سماجی ترقی کو بھی فروغ دیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سمندری فریٹ بل کم کرنے کے لیے پی این ایس سی کے بیڑے کا حجم بڑھایا جا رہا ہے، اور میری ٹائم سیکٹر کا قومی جی ڈی پی میں حصہ 0.8 فیصد سے بڑھا کر 4 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2047 سے قبل پاکستان کی تمام بندرگاہوں کو مکمل آپریشنل صلاحیت تک پہنچانا وزارتِ بحری امور کا بنیادی مقصد ہے۔











