چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس،اسلام آباد کو کیش لیس اکانومی کا ماڈل شہر بنانے کیلئے اہم پیش رفت

15

‎اسلام آباد،  یکم نومبر ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد کو کیش لیس اکانومی کے ماڈل شہر کے طور پر فروغ دینے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو ایک جدید، شفاف اور ڈیجیٹل شہر کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جہاں شہری اور کاروباری لین دین کیش لیس بنیادوں پر ممکن ہوگا۔اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں میں ہر قسم کے لین دین کیلئے راست کیو آر کوڈ نظام متعارف کرانے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اب تک 39 ہزار سے زائد وینڈرز اور دکاندار کیش لیس نظام کا حصہ بن چکے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے ہفتہ وار بازاروں، سی ڈی اے ون ونڈو فیسلیٹیشن سینٹر، میٹرو اور الیکٹرک بس سروسزمیں کیش لیس نظام کامیابی سے نافذ کیا جا چکا ہے۔ مزید برآں، کیو آر کوڈ سسٹم کا دائرہ کار شہر کے تمام شاپنگ مالز، تجارتی مراکز اور کلاس تھری مارکیٹوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔

‎چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، اسکولز، ریستوران اور پیٹرول پمپس میں بھی کیش لیس نظام لازمی طور پر متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ صارفین اور تاجروں کو کیش لیس ادائیگیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے مراعاتی پیکیجز تیار کریں۔محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ ٹریڈ یونینز کے ساتھ سیمینارز منعقد کیے جائیں تاکہ تاجروں کو درپیش مسائل سنے جا سکیں اور انہیں عملی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ بینکس کی فیلڈ ٹیموں کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام اور تاجروں کو بہتر رہنمائی فراہم کریں۔چیئرمین سی ڈی اے نے زور دیا کہ کیش لیس نظام کی پیش رفت کے جائزے کیلئے ایک مؤثر مانیٹرنگ ڈیش بورڈ فعال رکھا جائے جہاں بینکس اور مالیاتی ادارے اپنا ڈیٹا شیئر کریں۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے اسلام آباد کو ایک مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس شہر کے طور پر متعارف کرایا جائے گا، جس سے شفاف، محفوظ اور جدید مالیاتی لین دین کے نظام کو فروغ ملے گا۔