استنبول، 3 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور ترک وزیرِ تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات کے درمیان استنبول میں ملاقات ہوئی، جو 41ویں سیشن آف کے موقع پر منعقد ہوئی۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، حلال تجارت، صنعتی تعاون اور اقتصادی شراکت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے تجارت کے حجم میں اضافے اور باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکی سرمایہ کاری کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کریں گے اور حلال مصنوعات کی تجارت کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ ترک وزیرِ تجارت نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ آئندہ تجارتی مذاکرات میں پاکستان کی تجاویز کا مثبت جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے اپنے ترک ہم منصب کو وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں جاری معاشی اصلاحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان ترک سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔ ترک وزیرِ تجارت نے جام کمال خان کو 25 نومبر کو استنبول میں ہونے والی حلال ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
دونوں ممالک نے باہمی رابطہ کاری، تجارتی سہولتوں کی بہتری، اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔











