عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،سلمان احمد

10

اسلام آباد،03 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے رائٹ سائزنگ سلمان احمد نے کہا ہے کہ  عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کے بہتر انتظام اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے واضح حکمتِ عملی پر عمل جاری ہے۔

پیر کو  وزیراعظم کی معاشی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ رائٹ سائزنگ کے عمل کے ذریعے وزارتوں اور محکموں کی تنظیمِ نو شفاف انداز میں کی جا رہی ہے، تاکہ جہاں ادارے بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں وہاں ان کی صلاحیت میں اضافہ ہو اور جہاں وسائل کا غیرضروری استعمال ہو رہا ہے وہاں اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل مکمل مشاورت اور اتفاقِ رائے سے انجام دیا جا رہا ہے، جبکہ سفارشات کی منظوری کے بعد ان پر عمل درآمد کا باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ شفافیت اور جوابدہی برقرار رہے۔

سلمان احمد نے کہا کہ ایسے ادارے جو ملک کے ثقافتی، تعلیمی اور سائنسی شعبوں سے وابستہ ہیں، ان کی توسیع اور معیار کی بہتری کے لیے حکومت مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کا یہ عمل قومی معیشت پر مثبت اثرات ڈالے گا اور عوامی مفاد میں زیادہ مؤثر نتائج سامنے آئیں گے۔