پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کل اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

14

فیصل آباد، 03 نومبر (اے پی پی ): فیصل آباد،پاکستان کا تاریخی شہر، جہاں آج اقبال اسٹیڈیم ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ کے رنگوں سے جگمگا اٹھا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اب آمنے سامنے آنے کو تیار ہیں، اور شائقین کرکٹ کے جوش و خروش نے پورے شہر کو ایک نئے رنگ میں رنگ دیا ہے۔

اقبال اسٹیڈیم میں پیر کوپاکستان ٹیم نے بھرپور ٹریننگ سیشن کا آغاز کیا۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی صبح سویرے اسٹیڈیم پہنچے، جہاں دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اس سیشن میں جذبہ، عزم، اور فٹنس کا زبردست مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

کھلاڑیوں نے پہلے مرحلے میں وارم اپ سیشن میں حصہ لیا۔ اس دوران فٹنس کوچز نے مختلف فٹنس ڈرلز کروائیں تاکہ کھلاڑی میچ سے قبل بہترین جسمانی تیاری حاصل کر سکیں۔

بعد ازاں کوچز کی قریبی نگرانی میں بیٹنگ اور باؤلنگ سیشنز کا آغاز کیا گیا۔ بیٹنگ کوچ نے کھلاڑیوں کو شارٹ سیلیکشن، ٹائمنگ اور فٹ ورک پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے نیٹ پریکٹس میں بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب باؤلنگ کوچ نے فاسٹ بولرز کو لائن اینڈ لینتھ پر کام کرنے کی ہدایت دی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی رفتار اور سوئنگ کے تیز ہتھیاروں کو مزید تیز کرنے کے لیے خوب محنت کی۔ اسپنرز نے مختلف وکٹ کنڈیشنز میں اسپن کے زاویے بہتر کرنے پر توجہ دی۔

یہ سیریز پاکستان کرکٹ کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کے خلاف فتح حاصل کرنا نہ صرف رینکنگ کے لحاظ سے ضروری ہے بلکہ شائقین کے اعتماد اور ٹیم کے مورال کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔

پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے واضح کیا ہے کہ اس سیریز میں کھلاڑیوں کوبھر پور موقع دیا جائے گا تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ کوچنگ اسٹاف کا کہنا ہے کہ ٹیم کا فوکس بیلنس برقرار رکھنا اور دباؤ کے لمحات میں درست فیصلے کرنا ہے۔

اقبال اسٹیڈیم، جو ماضی میں کئی تاریخی میچوں کا گواہ رہا ہے، ایک بار پھر کل نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کل اسی میدان میں کھیلا جائے گا، جہاں ہزاروں تماشائی اپنی ٹیم کے حق میں نعرے بلند کریں گے۔

اب سب کی نظریں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستانی شاہینوں پر مرکوز ہیں۔ کیا پاکستان اپنی ہوم گراؤنڈ پر ایک بار پھر جیت کا جھنڈا گاڑ پائے گا؟یہ فیصلہ کل کے میچ میں ہوگا، مگر ایک بات طے ہے کہ کرکٹ کا جوش، جذبہ، اور محبت، فیصل آباد میں کل اپنے عروج پر ہوگی۔جہاں اقبال اسٹیڈیم سے پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز کا بڑا معرکہ شروع ہوگا۔