لاہور،04نومبر(اے پی پی) : چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) (ر) نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر کا دورہ کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اور ادارے کے ڈھانچے، مقاصد اور شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کے لیے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اپریل 2009 میں ایک نان پرافٹ تنظیم کے طور پر قائم کی گئی، جس کا بنیادی مقصد صوبہ پنجاب کے شہری ٹرانسپورٹ نظام کی منصوبہ بندی، تنظیم نو اور بہتری ہے۔ کمپنی اس وقت مختلف روٹس پر پانچ اقسام کی بسیں، بشمول الیکٹرک بسیں (E-Buses)، کامیابی سے چلا رہی ہے۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے کمپنی کی کارکردگی کو سراہا اور ادارے کی مزید بہتری، عوامی سہولت اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے کئی اہم ہدایات جاری کیں۔
چیئرپرسن بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے میں جدید، ماحول دوست اور عوام دوست ٹرانسپورٹ نظام کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن صرف بس سروس تک محدود نہیں بلکہ شہریوں کو محفوظ، باعزت اور آرام دہ سفری سہولتیں فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خاص طور پر الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر گہری توجہ دے رہی ہیں تاکہ پنجاب کو جدید اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کی طرف لے جایا جا سکے۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کے باعث صوبے میں شہری سہولتوں کا معیار بہتر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی سرپرستی میں ٹرانسپورٹ کے منصوبے عوامی خدمت کا حقیقی مظہر ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ بس شیلٹرز کی مرمت اور اپ گریڈیشن کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ مزید کہا کہ نو اضلاع میں 200 بسوں کا آپریشن شروع کیا جا چکا ہے، اس کی سروس کوالٹی اور دیکھ بھال پر مؤثر نگرانی ناگزیر ہے۔ چیئرپرسن نے کمپنی کے زیر غور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے الیکٹرک بس ڈپوؤں میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور خالی آسامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر پُر کرنے کی بھی ہدایت کی۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے بسوں پر ضرورت سے زیادہ اشتہارات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی برانڈنگ سے بسوں کی ظاہری شناخت اور سروس کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ برانڈنگ پالیسی کو متوازن اور پیشہ ورانہ خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
آخر میں چیئرپرسن نے کہا کہ اگر پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق اپنے منصوبوں پر بروقت اور سنجیدگی سے عملدرآمد جاری رکھے تو یہ ادارہ عوامی سہولت کے شعبے میں ایک نمایاں مثال بن سکتا ہے۔











