چیف سیکرٹری پنجاب کاصوبہ میں چینی کی سرکاری قیمت پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

7

لاہور،04نومبر (اے پی پی): پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں چینی کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو احکامات جاری کر دیئے۔  چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سول سیکرٹریٹ میں منعقد ویڈیو لنک اجلاس کے دوران تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کیں اور کہا چینی کی مقرر کردہ ایکس مل قیمت 171روپے اور ریٹیل قیمت 179روپے فی کلوگرا م پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کے مفاد کا تحفظ انتظامی افسران کی اولین ذمہ داری ہے، چینی کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زائد نرخ وصول کر کے صارفین کو لوٹنے والوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ چینی کے سٹاکس کی مانیٹرنگ کیلئے ایف بی آر سمیت دیگر وفاقی اداروں سے رابطہ کار بڑھایا جائے اورقیمتوں کی نگرانی کیلئے تمام پرائس مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موثر انتظامی اقدامات کے ذریعے چینی کی قیمت میں استحکام یقینی بنایا جائے۔سیکرٹری پرائس کنٹرول کرن خورشید نے اجلاس کو گرانفروشوں کیخلاف کی جانیوالی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ڈی جی پیرا اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔