کراچی، 04 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقدہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپواینڈ کانفرنس 2025 کےڈرون شو کا منگل کو دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو ڈرون جام کرنے کی صلاحیت اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار روزہ اس بین الاقوامی ایکسپو میں دنیا بھر سے ماہرین اور ادارے شریک ہیں، آج پاکستان اپنی نئی اڑان بھر رہا ہے۔ انہوں نے کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر نیول چیف اور بدر ایکسپو کے منتظم زوہیر نصیر کو مبارکباد پیش کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس ایکسپو میں 100 سے زائد اسٹالز جبکہ 50ممالک کے بین الاقوامی اسٹالز بھی شامل ہیں، جو پاکستان میں صنعتی، تجارتی اور تکنیکی ترقی کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مسقط کے درمیان ملین ڈالرز کے مفاہمتی معاہدے پر دستخط ہورہے ہیں، جو ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر کی ایگزیبیشنز دیکھی ہیں، تاہم PIMEC-2025 کا معیار نہایت شاندار اور عالمی معیار کے مطابق ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم ایک فاتح قوم ہیں، جس نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ڈرون جام کرنے کی ٹیکنالوجی بھی دیکھی ہے اور اب پاکستان اس شعبے میں ایکسپورٹ کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی مسلسل جدوجہد کے باعث آج کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا۔











