دنیا بڑھتے ہوئے چیلنجز اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے،ایسے میں تقسیم نہیں،اتحاد کا راستہ اپنانا ہی انسانیت کا اصل تقاضا ہے، سیدیوسف رضا گیلانی

15

اسلام آباد،04نومبر  (اے پی پی):قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا بڑھتے ہوئے چیلنجز اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، ایسے میں تقسیم نہیں بلکہ اتحاد کا راستہ اپنانا ہی انسانیت کا اصل تقاضا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں   نے پاکستان کے ایس ڈی پی آئی کی 28 ویں سالانہ پائیدار ترقیاتی کانفرنس کے افتتاحی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی کانفرنس اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی اضطراب کے باوجود اقوام امید اور تعاون کا دامن تھامے ہوئے ہیں۔قائم مقام صدر نے کانفرنس کے عنوان ”پائیدار ترقی میں حائل دنیا کے ابھرتے مسائل“  کو عالمی حالات کا حقیقی عکاس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز باہمی تعاون کے بغیر حل نہیں ہو سکتے۔   اقتصادی ناہمواری اور ڈیجیٹل تقسیم کمزور طبقات کو مزید پیچھے دھکیل سکتی ہے۔قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں معمولی حصہ رکھنے کے باوجود موسمیاتی خطرات کا سب سے زیادہ شکار ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ جنوبی خطے کا باہمی تعاون علم کے تبادلے، ٹیکنالوجی کی رسائی اور علاقائی حکمت عملیوں کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں  نے کہا کہ پاکستان 2030ء کے پائیدار ترقیاتی اہداف  مکمل کرنے کاعزم رکھتا ہے، پارلیمنٹ قومی قانون سازی کو ایس ڈی جیز سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان رواں ماہ دو روزہ انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی)  کی میزبانی کرے گا۔   انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کاموضوع امن، سلامتی اور ترقی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ  پارلیمانی سفارت کاری جمہوری آرا کو تقویت دیتی ہے اور عالمی سطح پر زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پائیدار ترقی ہمارا آنے والی نسلوں سے اخلاقی اور سیاسی عہد ہے جس کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے ایس ڈی پی آئی اور منتظمین کا میزبانی اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر تحسین کا اظہار کیا۔