پاکستان اور چین کی دوستی آہنی بنیادوں پر قائم ہے اور عوامی سطح پر یہ تعلق مزید مضبوط ہو رہا ہے، قیصر احمد شیخ

9

اسلام آباد، 06 نومبر (اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آہنی بنیادوں پر قائم ہے اور عوامی سطح پر یہ تعلق مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ باہمی تعاون اور “ون وِن” بزنس ماڈل کو ترجیح دی ہے جس سے ترقی پذیر ممالک کے لیے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان  خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سنگم گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں، کاروباری شخصیات اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چین آج دنیا کا سب سے بڑا برآمد کنندہ اور صنعتی طاقت بن چکا ہے، جبکہ پاکستان کو غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے لیے چین کے تجربات سے سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے سات کروڑ سے زائد افراد کو غربت سے نکال کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی تمام سیاسی جماعتوں کو غربت کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔ قیصر احمد شیخ نے وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے تقریب کے اختتام پر اس بات پر زور دیا کہ پاک چین تعلقات وقت اور حالات سے بالاتر ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی۔