اسلام آباد، 06 نومبر(اے پی پی ): وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل نے کہا کہ چین کی جدید ترقی سے نئے معاشی مواقع سامنے آ رہے ہیں جن سے پاکستان بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور اشتراک پر مبنی ترقی کا ماڈل خطے میں پائیدار معاشی تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں منعقدہ سنگم گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں مختلف ممالک کے نمائندوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ رانا احسان افضل نے کہا کہ دونوں ممالک صنعتی شعبے، زراعت، ڈیجیٹل اکانومی اور گرین ڈویلپمنٹ میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون سے روزگار کے مواقع اور تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔
رانا احسان افضل نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدت پر مبنی ترقی مستقبل کی معیشت کا بنیادی حصہ بن چکی ہے اور پاکستان اس سمت میں شراکت داری کو اہم سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات تعاون، احترام اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر استوار ہیں۔











