اسلام آباد، 07 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ ہوگئے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات ہوگی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے نئی راہوں کی نشاندہی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر استوار ہے۔ دونوں ممالک علاقائی و بین الاقوامی فورمز، بشمول اسلامی تعاون تنظیم اقتصادی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ میں قریبی تعاون برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی ثابت قدم حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔











