لڈن مویشی منڈی وہاڑی میں سہولیات کے مزید بہتری کے احکامات

16

وہاڑی 07، نومبر)اے پی پی): کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او)محمد فیصل نے لڈن مویشی منڈی کا دورہ کیا۔ لڈن مویشی منڈی صوبہ پنجاب کی چوتھی بڑی منڈی  ہے جہاں روزانہ ہزاروں جانور خرید و فروخت کے لیے لائے جاتے ہیں۔  محمد فیصل نے دورے کے دوران صفائی کے انتظامات، پینے کے پانی، روشنی، جانوروں کی خوراکی کھرلیوں اور ویٹرنری سہولیات کا معائنہ کیا۔
انہوں نے موقع پر موجود بیوپاریوں سے گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور اطمینان بخش حل کی یقین دہانی کرائی۔
اوورچارجنگ کی شکایات سامنے آنے پر سی او اونے موقع پر ہی متاثرہ افراد کو رقوم واپس دلوائیں اور منڈی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی سہولت اور شفافیت کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈی میں صفائی، سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے اے ڈی سی آر وہاڑی بابر صاحب سے ملاقات میں لڈن میں اضافی سرکاری زمین کے حصول اور نئی سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔  بیوپاریوں نے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامی بہتری اور بروقت اقدامات پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔