قائم مقام امریکی سفیر کاتاریخی گولڑہ ریلوے اسٹیشن ، ریلوے میوزیم کا خصوصی دورہ

18

اسلام آباد،9نومبر(اے پی پی):پاکستان میں تعینات  قائم مقام امریکی سفیر نٹالی بیکر نے اتوار کو تاریخی گولڑہ ریلوے اسٹیشن اور ریلوے میوزیم کا خصوصی دورہ کیا۔وفاقی وزیر  ریلوے محمد حنیف عباسی نے معزز مہمان کو اسٹیشن اور میوزیم کی ثقافتی و تاریخی اہمیت اور حال ہی میں ہونے والی اپ گریڈیشن سے متعلق آگاہ کیا۔دورے کے دوران وفاقی وزیر نے امریکی سفیر نٹالی بیکر کو گولڑہ اسٹیشن، قائد اعظم سیلون اور ہیریٹیج میوزیم کا تفصیلی دورہ کرایاجہاں 19ویں اور 20ویں صدی کے پرانے انجن، بوگیاں اور ریلوے کا سامان نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔امریکی ساختہ ریلوے مشینری اور آلات نے خاص طور پر امریکی سفیر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔وفاقی وزیرحنیف عباسی نے سفیر کو پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحاتی اور جدیدیت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، کراچی اور فیصل آباد کے اہم ریلوے اسٹیشنوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ اور ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے جبکہ راولپنڈی میں پاکستان کا پہلا سیف اینڈ سمارٹ ریلوے اسٹیشن” قائم کیا گیا ہے۔امریکی سفیر نے وفاقی وزیر کے اصلاحاتی ویژن کو سراہتے ہوئے حنیف عباسی کو حقیقی “ریلوے ریفارمسٹ” قرار دیا جو ادارے کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے ریلوے کی اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے نہ صرف ایک اہم قومی اثاثہ ہے بلکہ یہ ملک کی ثقافتی وراثت اور بین الاقوامی رابطے کی علامت بھی ہے۔گولڑہ ریلوے اسٹیشن کی خوبصورتی، حفاظت اور تاریخی دلکشی نے امریکی سفیر پر گہرا اثر چھوڑا اور انہوں نے اس کی تاریخی حیثیت اور خوبصورتی کو بے حد سراہا۔