اسلام آباد،13نومبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے سائبر کرائم سے متعلق سوال قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے سپرد کردیا جبکہ پارلیمانی سیکرٹری آئی ٹی سبین غوری نے کہا ہے کہ سائبر کرائم سے نمٹنے کے لئے مختلف ادارے فعال ہیں،ملک کے مختلف 20 شہروں میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک بن رہے ہیں، سرگودھا، گوجرانوالہ،سکھر اس میں شامل ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شرمیلا فاروقی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری آئی ٹی سبین غوری نے بتایا کہ آئی ٹی کے کئی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں جب کہ ہری پور میں اے آئی پارک کے منصوبے پر کام جاری ہے،وزیر اعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو ایک سال ہوا ہے اس کی ڈیڈ لائن ہے اس میں کچھ تاخیر ہورہی ہے،اس کے تحت بہت ساری چیزوں پر کام جاری ہے،ہری پور کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل اور افتتاح کے لئے تیار ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ سائبر کرائم پر بہت سے ارکان کے تحفظات ہیں،اس کو داخلہ کمیٹی کو ارسال کرتے ہیں،وہاں اس پر غور کیاجائے۔











