ملتان,16 نو مبر)اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے شہباز شریف ہسپتال اور محکمہ صحت کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی، ایمرجنسی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، لہٰذا سہولیات میں بہتری اور ضروری اقدامات کی رفتار مزید تیز کی جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہیں ڈینگی، خسرہ اور روبیلا ویکسینیشن مہم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس، فوگنگ اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے جائیں۔وسیم حامد سندھو نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ خسرہ اور روبیلا ویکسین مہم میں بچوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ عوامی صحت کے تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکے۔











