اسلام آباد،17نومبر)اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے سفیر جیان زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔چین کے سفیر جیان زیڈونگ نے اسلام آباد کچہری کے قریب ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی اور اس افسوسناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا ۔
چین کے سفیر نے کہا کہ چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بھی اس افسوسناک واقعہ کی مذمت کی ہے۔ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد و احترام پر مبنی ہیں۔چین پاکستان کا وہ بااعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ چین کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔











