ایم کیو ایم پاکستان کی مقامی حکومتوں کے حوالے سے تجاویز کو جلد اگلی آئینی ترمیم میں شامل کر لیا جائے گا، مصطفی کمال

9

کراچی،17 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سید مصطفی کمال نے پیر کے روز اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کا آئینی راستہ اب بھی کھلا ہے اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مقامی حکومتوں کے حوالے سے تجاویز کو جلد ہی اگلی آئینی ترمیم میں شامل کر لیا جائے گا۔یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آئینی ترمیم میں ایم کیو ایم پاکستان کی مجوزہ تبدیلیوں کی حمایت کرنے پر وفاقی کابینہ میں شامل مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے حقوق کے حصول کا آئینی حل اب بھی موجود ہے، جس طرح یہ 26ویں ترمیم کے دوران تھا، آج بھی یہ زندہ ہے اور ہم نے اسے زندہ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یہ معاملہ اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ آنے والے مہینوں میں عوام دیکھیں گے کہ 75 سالوں میں پہلی بار یہ آئینی ترمیم پاکستانی عوام کے سامنے آئے گی، اسمبلی میں اس کی منظوری دی جائے گی اور اختیارات اور وسائل عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وزیراعظم، وفاقی کابینہ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ،علیم خان، چوہدری سالک،  بی اے پی پارٹی کے رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے ارکان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی میں انفرادی دوستوں، پی ٹی آئی میں بہت سے دوستوں اور امیر مقام کے بھی مشکور ہیں۔ ان سب نے 27ویں آئینی ترمیم میں ایم کیو ایم پاکستان کی تجاویز کو شامل کرنے کی کھلے عام اور متفقہ طور پر حمایت کی۔