لاہورپولیس کا غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن، 15ہزار سے زائد گرفتاریاں، اسلحہ برآمد

15

لاہور18نومبر(اے پی پی) لاہور پولیس نے غیر قانونی اسلحہ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران یکم اکتوبر سے اب تک15791ملزمان کو گرفتارکیا ہے۔ترجمان لاہور پولیس نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔

 ترجمان نے بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہر کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 8078مقدمات درج کر کے گرفتار ملزمان کے قبضے  سے47کلاشنکوف،366رائفلیں،320گنیں اور7257پسٹل برآمد کئے گئے ہیں۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ اسلحہ لائسنس قوانین کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے اور ڈالا کلچرسمیت اسلحہ کی نمائش میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اورفروخت میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزمان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے تا کہ لاہور میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جاسکے۔