اسلام آباد،18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ جدید تعلیم موجودہ دور کی ضرورت ہے،نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں،ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا، سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت مسائل کے حل میں معاون ہوتی ہے،جدت کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو دی ملینیم یونیورسل کالج کی گریجویشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پلک جھپکتے ہی عمر گزر جاتی ہے ،کتابی علم نہیں سوچنے کا انداز کام آئے گا،گرے ہوئے کو اٹھانا مستقبل کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کا نہ آپ کو پتہ نہ ہمیں گمان ہے،جدت پسندی آگے چل کر کام آئے گی، موبائل کے بغیر دنیا آج کسی کے گمان میں نہیں،جدت آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے کہیں آگے ہے،نوجوان باہر نکلے تو اپنے دل کی آواز سنے،کوئی غلطی بھی ہو تو ڈرنے کی ضرورت نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج گریجویٹس کو نصیحت کرتا ہوں،پیچھے دیکھے بغیر استقامت کے ساتھ آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم یہاں ہیں کل ہماری جگہ آپ ہوں گے، ملک کی باگ ڈور نوجوانوں نے سنبھالنی ہے،آگے کی زندگی کتابی فارمولوں کے جیسی نہیں ہے، آنے والے راستوں کا پتہ نہیں، اس لئے ہمیں پہلے سے تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ روشن مستقبل کے راستے میں بہت سارے مشکلات آتی ہیں،آپ کی تعلیم آپ کا ادارہ آپ لوگوں کو مستقبل میں فیصلے کرنے کے قابل بنا دیتا ہے،جدت کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑنا، جدت محدود نہیں ہے،وقت کے ساتھ چلنا ضروری ہوتا ہے، انوویشن کے ذریعے کامیابی ممکن ہے۔











