وفاقی وزیر مذہبی امور سے مصر کے سفیر کی ملاقات

18

اسلام آباد، 18 نومبر ( اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبد الحمید نے ملاقات کی۔

 ملاقات میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے رحجان ، دہشت گردی، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں قیام امن کیلئے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان اور مصر کو اس سلسلے میں مل کر کام کرنا چاہیے۔ ملاقات میں پاکستان اور مصر کے مابین اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔

مصری سفیر نے کہا کہ پاکستان علماء کو مصر بھیجے تاکہ وہ دنیا کی قدیم ترین درسگاہ جامعہ الازہر کے تجربات اور تعلیمات سے مستفید ہو سکیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ ماہ مصر کا دورہ کیا۔ مصر کی جانب سے جامعہ الازہر کے زیر نگرانی اسلام آباد میں جدید تعلیمی ادارہ قائم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے جامعہ الازہر کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ادارہ قائم کرنے کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ۔