گیارہویں وائس ایڈمرل ایچ ایم ایس چوہدری امیچرز گالف کپ 2025ء کی تیاریاں مکمل ،ٹورنامنٹ 20 سے 23 نومبر تک

20

لاہور، 18 نومبر (اے پی پی): پاکستان نیوی کے زیر اہتمام گیارہویں وائس ایڈمرل ایچ ایم ایس چوہدری امیچرز گالف کپ 2025ء کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ ٹورنامنٹ 20 سے 23 نومبر تک ڈیفنس رائیا گالف اینڈ کنٹری کلب لاہور میں منعقد ہوگا۔ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں میڈیا بریفنگ میں کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے بتایا کہ ملکی سطح کے نامور گالفرز اس اہم ایونٹ میں بھرپور جوش و ولولے کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گالف کپ 20 سے 23 نومبر تک ڈیفنس رائیا گالف اینڈ کنٹری کلب میں منعقد ہوگا، جو لاہور میں گالف کی مقبول ترین سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلوں نے اس ایونٹ کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے اور کھلاڑی بےحد سنجیدگی اور لگن کے ساتھ اس میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی بہترین کارکردگی دکھانے والوں کے لیے بیش قیمت انعامات رکھے گئے ہیں۔ بریفنگ میں انہوں نے ڈیفنس رائیا گالف اینڈ کنٹری کلب کی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کی تیاریوں اور انعقاد میں اُن کا کردار انتہائی اہم ہے۔

ایونٹ میں تین کیٹیگریز رکھی گئی ہیں جن میں امیچرز، سینئرز اور لیڈیزشامل ہیں۔امیچرز کیٹیگری میں ہینڈی کیپ 10 یا اس سے کم رکھنے والے کھلاڑی تین روز میں 54 ہولز کھیلیں گے۔لیڈیز کیٹیگری میں ہینڈی کیپ 24 یا اس سے کم رکھنے والی گالفرز 18 ہولز کے مقابلے میں حصہ لیں گی۔سینئر امیچرز، جن کا ہینڈی کیپ 12 یا اس سے کم ہے، دو روز میں 36 ہولز کھیلیں گے۔

بریفنگ کے دوران گزشتہ سی این ایس امیچرز ٹورنامنٹس کے نمایاں کھلاڑیوں کا بھی ذکر کیا گیا۔ لاہور کے رویول پام گالف اینڈ کنٹری کلب سے وابستہ احمد بیگ نے 2018 میں ٹائٹل جیت کر قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بعدازاں ایشیا و یورپ کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اسی طرح راولپنڈی کے گارڈن سٹی کلب سے تعلق رکھنے والے غضنفر محمود تین مرتبہ چیمپئن رہ چکے ہیں اور پاکستان گالف فیڈریشن کی درجہ بندی میں اہم مقام رکھتے ہیں۔

ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کھیلوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ پاکستان نیوی 2011 سے لاہور میں گالف چیمپئن شپ منعقد کر رہی ہے، جو کھیل سے محبت اور اس کی سرپرستی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گالف کپ کی رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے اور ملک بھر کے نامور گالفرز اس میں شرکت کے لیے پرجوش ہیں۔ افتتاحی تقریب 20 نومبر جبکہ اختتامی تقریب 23 نومبر کو ہوگی۔ آخر میں انہوں نے ڈیفنس رائیا گالف اینڈ کنٹری کلب کی انتظامیہ، اسٹیشن ہیڈکوارٹرز پاکستان نیوی کی ٹیم اور سپانسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہمیشہ اس ایونٹ کو مثبت طور پر اجاگر کرتا آیا ہے اور امید ہے کہ اس بار بھی اپنی روایت برقرار رکھے گا۔