وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑسے سری لنکا کے نائب وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل سوگاتھ تھلا کراتھنےکی ملاقات

10

اسلام آباد، 20 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے سری لنکا کے نائب وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل سوگاتھ تھلا کراتھنے کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں کرکٹ کے فروغ، کھیلوں میں باہمی تعاون اور دوطرفہ روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔دونوں ممالک کی جانب سے کھیلوں کو عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کا موثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس شعبہ میں اشتراک عمل کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں، کھیلوں کے میدان میں تعاون نہ صرف نوجوان نسل کو قریب لاتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں سپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے،امید ہے یہ دورہ دوطرفہ تعلقات خصوصاً کھیلوں اور نوجوانوں کے شعبے میں نئی راہیں کھولے گا۔

دوران ملاقات سری لنکا کے وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ٹرائی نیشن سیریز کے لئے بہترین انتظامات کو سراہا اور  پاکستان کی میزبانی کے اعلیٰ معیار اور اسپورٹس ڈپلومیسی کے فروغ کے عزم کو سراہا۔