کوئٹہ، 20 نومبر (اے پی پی ): کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر (جی ایم) راحیل ملک نے کہا ہے کہ موسم سرما میں گیس سے ہونے والے حادثات سے بچاوٗ کے لیے ایک بھرپور آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، اس مہم کا مقصد شہریوں کی قیمتی جانیں بچانا ہے، اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے بڑے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردیوں کے موسم میں لوگوں میں آگاہی مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جی ایم راحیل ملک نے مزید کہا کہ سردیوں میں گیس لیکج کے واقعات کو روکنے کے لیے یہ مہم شہر بھر میں چلائی جائے گی، کیونکہ ”ہمارے نزدیک سب سے مقدم انسانی جان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم مارچ 2026 تک جاری رہے گی اور صارفین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھروں میں گیس پائپ لائن پر مین وال ضرور لگائیں تاکہ ضرورت پڑنے پر گیس کی سپلائی فوری طور پر بند کی جا سکے۔
جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی راحیل ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ صارفین گیس کے استعمال میں معیاری آلات استعمال کریں اور رات کو سوتے وقت گیس ہیٹر ضرور بند کیا کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے کمپنی گیس کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی ۔
آخر میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سردیوں میں گیس کا استعمال زیادہ ہونے کے باوجود، کمپنی صارفین کی ڈیمانڈ کے مطابق گیس فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر ترجمان سلمان صدیقی اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔











