کمشنر عامر کریم خاں کا ضلع لودھراں کا تفصیلی دورہ متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

11

ملتان ،20 نومبر(اے پی پی ):کمشنر ڈویژن عامر کریم خاں نے ضلع لودھراں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا افتتاح کیا۔

کمشنر نے سب سے پہلے ملتان،لودھراں بائی پاس چوک کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔ 5 ملین روپے کی لاگت سے چوک میں خوبصورت مونومنٹ، کیملز اور گرین بیلٹ تیار کی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ چوک کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے کمیونٹی کو شامل کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔

بعدازاں کمشنر عامر کریم خاں نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی اسکول گگن ہٹا میں ‘ون پلانٹ ون اسٹوڈنٹ’ مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے طالب علموں اور اساتذہ کی جانب سے اسکول کی بیرونی دیوار پر بنائی گئی خوبصورت پینٹنگز کا معائنہ بھی کیا۔ کمشنر نے کہا کہ پودوں سے محبت ایک مستقل عمل اور سماجی ذمہ داری ہے۔

کمشنر نے اپنے دورے کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال لودھراں میں سینیئر سٹیزنز لاؤنج کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بزرگ شہریوں کے لیے بغیر کسی زحمت پرچی، رہنمائی اور انتظار گاہ کے معیاری انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کسی بھی ہسپتال میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا لاؤنج قائم کیا گیا ہے۔

اسی سلسلے میں کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے اسٹریٹ لائبریری کا افتتاح کیا جس میں اسلامی، ادبی اور شعری کتب رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب دوستی انسان کی فکری ترقی کا اہم ذریعہ ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے دیوارِ شفقت کا بھی افتتاح کیا، جہاں سردی کے موسم میں ضرورت مند بچوں کے لیے مفت گرم ملبوسات باعزت طریقے سے فراہم کیے جائیں گے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ریلوے اسٹیشن ویٹنگ ایریا کی اپ گریڈیشن کا افتتاح بھی کیا۔ پرانی انتظار گاہ کی تزئین و آرائش مکمل کرلی گئی ہے جبکہ چار نئے واش رومز اور لیڈیز ویٹنگ روم کی رینوویشن کا کام جاری ہے۔

بعد ازاں کمشنر عامر کریم خاں نے جم خانہ میں زینت مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ مسجد معروف صنعتکار حبیب کھوکر اپنی والدہ کے نام سے تعمیر کر رہے ہیں

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔