پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیراہتمام ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر کی تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد

14

لاہور، 20 نومبر (اے پی پی): پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی جانب سے ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر میں تربیت مکمل کرنے والی خواتین سرمایہ کاروں اور مینٹورز کے اعزاز میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تھے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں۔ خواتین کی ترقی، معاشی خودمختاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں خواتین کے لیے پہلا ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا ہے جبکہ پنک الیکٹرک ٹیکسی سکیم لائی جا رہی ہے جس کی ڈرائیورز بھی خواتین ہوں گی۔ اسی طرح قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی کے تحت خواتین کے لیے اسٹیچنگ کلاسز جاری ہیں۔

 چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا اجرا کیا گیا ہے جن میں خواتین کے لیے سفر کی محفوظ اور معیاری سہولیات موجود ہیں۔  وزیر اعلیٰ پنجاب کی آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے لیے بلاسود قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے سیالکوٹ میں 1400 ایکڑ بنجر اراضی پر سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی اور موجودہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین سرمایہ کار پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی اسکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ حکومت خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ ہماری خواتین میں بے پناہ ہمت، صلاحیت اور تخلیقی سوچ موجود ہے۔ معاشرے کی ترقی خواتین کی عملی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ خواتین کی سکلز بڑھانے اور انہیں کاروباری دنیا میں بااعتماد بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ہماری خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ میں تربیت مکمل کرنے والی تمام خواتین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 تقریب میں صوبائی وزیر نے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا اور وہاں نمائش کے لیے رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب میں سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سعدیہ تیمور، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سائرہ عمر، ڈاکٹر شہلا جاوید، معروف صنعتکار ذکی اعجاز، ویمن چیمبر لاہور کی صدر سمیت خواتین سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر کی کنسلٹنٹ ڈاکٹر منیبہ افتخار نے ادارے کی کارکردگی اور خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔